اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

والدین کا عالمی دن

آج والدین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد انسانی زندگی میں والدین کی اہمیت کا ادراک اور اعتراف کرنا ہے‘ لیکن یہ باقی دنیا کا مسئلہ ہے ہمارا نہیں‘ کیونکہ والدین کا احترام تو ہمارے دین ایمان کا حصہ ہے۔ حکمِ ربانی کا مفہوم یہ ہے ’ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو‘ اگر کبھی تیرے پاس دونوں میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان دونوں کو ’’اف‘‘ تک نہ کہو اور نہ انہیں جھڑکو اور ان سے بہت کرم والی بات کرو‘۔ والدین کی شان اس سے بڑھ کر کیا بیان ہو سکتی ہے کہ ساری کائناتوں کے مالک نے ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس دنیا میں محض دو ہستیاں‘ یعنی ماں اور باپ‘ ہیں جو یہ چاہتی ہیں کہ ان کے بچے ان سے زیادہ مضبوط‘ ان سے زیادہ کامیاب ہوں۔

صرف دو ہستیاں۔ یہ والدین ہی ہیں جو خود بھوکے رہ کر بچوں کو کھلاتے ہیں اور خود پُرانے کپڑے پہن کر اپنے بچوں کو نئے کپڑے دلواتے ہیں‘ خود تکلیف سہہ کر بچوں کا آسودہ اور مامون رکھتے ہیں۔ یہ دن والدین کے ان احسانوں کو یاد کرنے اور ان سے اظہارِ محبت کا دن ہے۔ جن کے والدین دنیا سے رخصت ہو چکے‘ وہ ان کی مغفرت کی دعا کریں اور جن کے والدین حیات ہیں‘ وہ اس عزم کا مصمم ارادہ کریں کہ ان کی ہر طرح سے خدمت اور دلجوئی کریں گے کہ یہی دینی اور دنیوی زندگی میں کامیابی کا راستہ ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement