کورونا ویکسین گھر گھر
اطلاعات کے مطابق آج سے لاہور‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ ملتان اور راولپنڈی میں موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں گھر گھر کورونا ویکسین لگائیں گی۔ این سی او سی کی جانب سے چار شہروں میں 18سال سے زائد عمر کی 40 فیصد آبادی کو جبکہ راولپنڈی میں 70 فیصد آبادی کو 14 اگست تک ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا تھا۔ اس ہدف کو مقررہ دورانیے میں پورا کرنے کیلئے ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافہ ناگزیر ہے؛ تاہم گھر گھر مہم سے ویکسی نیشن کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ چونکہ کورونا ویکسین کو بہت سی توہمات اور افواہوں کا بھی سامنا ہے؛ چنانچہ امید کی جا سکتی ہے کہ گھر گھر ویکسین لگانے والی ٹیمیں اس حوالے سے عوام کے سوالوں کے جواب دینے کیلئے بھی تیار ہوں گے۔
موبائل ٹیموں کو کورونا ویکسین کی افادیت‘ ضرورت اور ویکسین سے انکار کے نقصانات بارے کارآمد معلومات فراہم کی جانی چاہیے تاکہ فیلڈ میں اگر ان سے سوال جواب کیے جائیں تو وہ عوام کو تسلی بخش جواب دے سکیں۔ ویکسی نیشن کی رفتار بڑھانے کیلئے ریلوے سٹیشنوں‘ بڑے بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر بھی کائونٹر قائم کرنے چاہئیں جبکہ ویکسی نیشن کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ‘ سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر اور دیگر پُرہجوم مقامات میں داخلے پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ ویکسی نیشن کو لازمی قرار دینے سے لوگوں میں ویکسین لگوانے کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔