اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

تعلیمی ادارے مکمل کھولنے کا فیصلہ

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیماری کے پھیلاؤ میں کمی اور سکول ویکسی نیشن پروگرام شروع کرنے کی بنیاد پر بدھ کے روز ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں کو پیر سے کلاسیں معمول کے مطابق شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ تعلیمی اداروں کی بندش کا خاتمہ جہاں اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک میں کورونا وبا پر خاصی حد تک قابو پا لیا گیا اور جوں جوں ویکسی نیشن کی شرح بڑھے گی‘ صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی‘ وہاں تعلیمی اداروں کی بندش اور پھر نصف تعداد کے ساتھ کھولنے سے بچوں کی تعلیم کا جو حرج ہو رہا تھا‘ وہ بھی ختم ہو جائے گا‘

لیکن یہ بات بچوں‘ اساتذہ اور سکولوں کی انتظامیہ‘ سب کے ذہن نشین رہنی چاہیے کہ تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ ’سب کچھ ٹھیک ہونے‘ کا عندیہ نہیں ہے۔ وبا کے پھیلنے اور زور پکڑنے کے خدشات کم ہوئے ہیں‘ ختم نہیں ہوئے‘ اس لیے سکولوں میں ماسک پہننے‘ سماجی فاصلہ رکھنے‘ سینی ٹائزر استعمال کرنے اور صابن سے بار بار ہاتھ دھونے جیسی پابندیوں پر اب بھی عمل کرنا ہو گا۔ اسی صورت ہم سب محفوظ رہ سکیں گے۔ آئندہ تعلیمی اداروں کو بندش سے بچانے کے لیے یہ بے حد ضروری ہے!

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement