اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کپاس کی پیداوار میں اضافے کا امکان

رواں سیزن میں کپاس کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 67 فیصد زائد ہونے کا امکان ہے؛ چنانچہ کاٹن اسیسمنٹ کمیٹی نے کپاس کی پیداوار کا ہدف بڑھا دیا ہے۔ پیداوار کم و بیش 94 لاکھ بیلز رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ سال پیداوار 56 لاکھ بیلز رہی۔ پیداوار میں اضافے کی بڑی وجہ بہتر موسم اور بہتر قیمتیں ہیں۔ حکومت نے 40 کلوگرام کپاس کی قیمت 5 ہزار روپے طے کی۔ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کئی حوالوں سے خوش آئند ہے۔ زیادہ پیداوار ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مقامی ضرورت پوری کرے گی جس سے اس صنعت کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو گا جو ملک کی مجموعی برآمدات پر مثبت اثر ڈالے گا۔ یہ اضافہ کسانوں کی خوشحالی کو بڑھانے کا سبب بنے گا۔

مقامی پیداوار بڑھنے سے وہ قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے گا جو ماضی میں کپاس کی درآمد پر خرچ ہوتا تھا۔ یوں کپاس کی پیداوار میں اضافہ کئی جہتوں سے قومی معیشت کیلئے سود مند ہے‘ اور امید پیدا کرتا ہے کہ تھوڑی سی توجہ دی جائے تو ہمارے ملک میں دوسری اجناس کی پیداوار بڑھانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت زرعی شعبے پر بھرپور توجہ دے اور اعدادوشمار کی بنیاد پر یہ فیصلے کرے کہ کون سی فصل کتنے رقبے پر کاشت ہو تو ملکی ضروریات پوری ہو جائیں گی۔ ایسی منظم منصوبہ بندی غذائی خود کفالت کی منزل تک پہنچائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement