اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

دماغی صحت کا عالمی دن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج دماغی صحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے‘ جس کا مقصد دماغی صحت کے بارے میں آگہی بڑھانا ہے۔ یہ دن دماغی صحت کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں کو موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اب تک کیے گئے اپنے کام کے بارے میں آگاہ کریں اور اس بارے میں بھی کہ عالمی سطح پر اس حوالے سے اور کیا کچھ کیا جانا چاہیے۔ دماغی صحت کا تعلق معیشت اور معاشرت‘ دونوں سے ہے۔ کوئی فرد‘ خاندان یا کمیونٹی ذہنی لحاظ سے کتنی آسودہ ہے‘ اس کا براہ راست تعلق اس بات سے ہوتا ہے کہ وہ مالی لحاظ سے کتنے خوشحال ہیں اور جس معاشرے کا وہ حصہ ہیں‘ وہاں دستیاب خوراک کا معیار کیا ہے اور ان کے لیے تفریح کے مواقع کتنے اور کس نوعیت کے ہیں۔

مغربی معاشروں کے دماغی لحاظ سے صحت مند ہونے میں ان کی بہتر آمدنیوں‘ اچھی خوراک اور تفریح کے وافر مواقع کا بڑا کردار ہے۔ہمارے ہاں معاشی اور معاشرتی مسائل میں اضافہ اور تفریح کے مواقع میں کمی آبادی کی دماغی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ دماغی امراض کے ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس کی گواہ ہے۔ دماغی صحت کا عالمی دن حکمرانوں سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ عوام کو مالی آسودگی اور تفریح کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کریں کہ ایک آسودہ دماغ ہی سماج کیلئے زیادہ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement