اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ

 

ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال اضافے کا رجحان خود آئند ہے۔ ایک خبر کے مطابق اگست کے مقابلے میں ستمبر کے مہینے میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ یعنی جولائی اور اگست میں گزشتہ سال کے اسی دورانیے کی نسبت برآمدات 29 فیصد بڑھیں۔ ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کو بجلی اور گیس رعایتی نرخوں پر مہیا کی جاتی ہے اور اس شعبے کی کامیابی میں اس پیکیج کا بڑا عمل دخل ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صنعتوں کیلئے خصوصی پیکیجز ان شعبوں کی کارکردگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں؛

چنانچہ حکومت کو دیگر برآمدی شعبوں کے برآمدی حجم بڑھانے پر بھی توجہ دینی چاہیے جبکہ کئی ایسی اشیا جو ملک میں تیار ہو سکتی ہیں مگر عدم توجہی کی وجہ سے ان کی پیداوار کم ہے اور ضرورت پوری کرنے کیلئے درآمدات کرنا پڑتی ہیں ان کی ملکی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے کر اس درآمدی سلسلے کو بھی کم یا بالکل ختم کیا جا سکتا ہے۔ چینی کی مثال دی جاسکتی ہے کہ ایک زرعی ملک کو اپنی ملکی ضرورت پوری کرنے کے لیے وافر چینی پیدا کرنے کے قابل ہونا چاہیے لیکن یہ کام اسی صورت ہو سکتا ہے جب حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کی طرح ان شعبوں کی طرف بھی توجہ دے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement