اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بجلی کا نیا بم

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کی ستمبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ ایک طرف روپے کی بے قدری اور ڈالر کی بلند ہوتی قیمت عوام پر تازیانے برسا رہی ہے تو رہی سہی کسر پوری کرنے کا بیڑہ نیپرا نے اٹھا لیا ہے۔ اس شعبے کے نقصان میں جانے کی سبھی وجوہات عیاں ہیں‘ لیکن متعلقہ اداروں اور حکومت کی جانب سے اصلاحِ احوال کا کوئی اقدام ہوتا نظر نہیں آتا۔

اگر بجلی چوری کی مکمل روک تھام یقینی بنا لی جائے، نادھندگان سے وصولیاں کی جائیں، بلوں کی وصولی کی شرح کو بڑھایا جائے اور نقصانات کی شرح کم کر کے سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے کی رفتار کم کی جائے تو فیول ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں عوام پر ہر ماہ جو نیا بم پھوڑا جاتا ہے‘ اس کا تدارک ہو سکتا ہے‘ مگر محسوس ہوتا ہے کہ ان معاملات پر شاید کبھی سنجیدگی سے سوچا ہی نہیں گیا اور عوام کو قربانی کا بکرا سمجھ لیا گیا ہے۔ توانائی کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری ہے کہ اصلاحِ احوال کے دیرپا اقدام کیے جائیں اور مذکورہ مسائل کے حل پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement