اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سائنس و ٹیکنالوجی اور ملکی برآمدات

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نئی انوویشن پالیسی ملکی ترقی کا ماسٹر پلان ہے، ملک صرف ٹیکسٹائل پر انحصار نہیں کر سکتا‘ ملکی برآمدات میں سائنس و ٹیکنالوجی کا حصہ بڑھانا ہو گا۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا عزم قابلِ تحسین مگر حکومتی سطح پر ابھی تک کوئی ایسی پالیسی سامنے نہیں آ سکی جس سے حکومت کے سائنس و ٹیکنالوجی کی برآمدات بڑھانے کے عزم کا اظہار ہوتا ہو۔ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلقہ برآمدات کسی کارخانے یا فیکٹری میں تیار ہونے والا مال نہیں کہ جن کی پروڈکشن جب چاہے کم یا زیادہ کر لی‘ یہ لانگ ٹرم پالیسی کا متقاضی اقدام ہے۔

اس کے لیے تعلیمی اداروں کے خدوخال میں بنیادی تبدیلیاں لانا ہوں گی‘ آئی ٹی سیکٹر کی بھرپور سرپرستی کرنا ہو گی‘ ایسے اداروں کا قیام عمل میں لانا ہو گا جو طلبہ کو جدید دنیا کی جدتوں سے روشناس کراتے ہوئے ان سے ہم آہنگ کر سکیں۔ اب تک کا مشاہدہ یہ ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹ سے وابستہ بیشتر افراد اپنی مدد آپ کے تحت فری لانسنگ کے ذریعے ملکی زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ یہ راستہ اگرچہ طویل ہے مگر صد فیصد قابلِ عمل ہے اور مستقبل کا تقاضا بھی۔ موجودہ حکومت اگر اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس شعبے کی بھرپور سرپرستی کرے تو یقینا سائنس و ٹیکنالوجی کی برآمدات کو کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement