نئے کورونا ویری اینٹ کے کیسز
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے سب ویری اینٹ ایکس بی بی اومیکرون کے پانچ نئے کیسز کی موجودگی کی خبر یقینا تشویشناک ہے۔ تین مثبت کیسز کا تعلق لاہور سے بتایا گیا ہے۔ ابھی تک متاثرہ افراد کی ٹریول ہسٹری یا ویکسین لگوانے کی معلومات سامنے نہیں آ سکیں‘ جس کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ یہ وائرس معاشرے میں پہلے سے موجود ہے یا باہر سے آیا ہے، نیز یہ کہ ویکسین لگوانے والے افراد پر اس کے اثرات کس حد تک ہیں۔ البتہ محکمہ صحت نے کورونا نے نئے ویری اینٹ کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر عمر رسیدہ افراد کو بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت جاری کی ہیں جبکہ ڈاکٹروں اور بیرونِ ملک سفرکرنے والے افراد کو بھی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔ اس وقت 80 سے زائد ممالک میں کورونا کا یہ نیا ویری اینٹ رپورٹ ہو چکا ہے اور اندرونِ ملک اس کے 24 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اگرچہ قومی ادارۂ صحت موجودہ صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہا ہے اور اس حوالے سے عوام کو آگاہی بھی دے رہا ہے مگر عوام کو بھی چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘ ماسک کا استعمال کریں‘ بار بار ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں۔ جن لوگوں کی ویکسی نیشن ابھی تک مکمل نہیں ہوئی‘ انہیں فوری طور پر ویکسین لگوانی چاہیے اور جو ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا چکے ہیں‘ انہیں چاہیے کہ بوسٹر شاٹ لگوائیں۔