اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

عالمی یوم امراضِ قلب

29ستمبر دنیا بھر میں امراضِ قلب کی آگاہی کے حوالے سے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دل کے امراض سے متعلق آگاہی پھیلانا‘ ان کی روک تھام‘ بروقت تشخیص اور مساوی علاج کی سہولیات کا حصول ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عارضۂ قلب انسانی اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک بن چکا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کی 17.5فیصد آبادی امراضِ قلب میں مبتلا ہے۔ طبی ماہرین کولیسٹرول بڑھنے‘ ہائی بلڈ پریشر‘ تمباکو نوشی‘ غیرمتحرک طرزِ زندگی‘ ذیابیطس‘ موٹاپے اور مضر صحت خوراک کو امراضِ قلب کی وجوہات قرار دیتے ہیں۔ متحرک طرزِ زندگی اپنا کر اور متوازن خوراک کے استعمال سے خود کو امراضِ قلب سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے لیکن ہمارے ہاں نہ تو عوام خود سے ان عوامل کی طرف کوئی توجہ دیتے ہیں اور نہ ہی حکومتی سطح پر اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کا کوئی بندوبست نظر آتا ہے۔ امراضِ قلب کے ہوشربا پھیلاؤ کے باوجود ملک میں کارڈیالوجی ہسپتالوں کی تعداد آبادی کے تناسب سے بہت کم ہے اور جو ہسپتال موجود ہیں وہ بھی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس لیے آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم متحرک طرزِ زندگی اپنائیں گے اور متوازن خوراک کے استعمال کو ترجیح دیں گے تاکہ امراضِ قلب سے محفوظ رہ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں