اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مجرمانہ غفلت

گزشتہ روز ملتان موٹروے‘ ایم فائیو پر کراچی سے ملتان جانے والی مسافر بس کے ڈرائیور نے نیند میں گاڑی چلاتے ہوئے موٹر وے پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی جس سے تین اہلکار شہید ہو گئے ۔یہ حادثہ ایک سنگین انتباہ ہے کہ ہمارے ملک کی سڑکوں پر ڈرائیوروں کی غفلت اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کا لالچ کس قدرخوفناک ہو چکا ہے۔ موٹر ویز ملک میں محفوظ اور آرام دہ سفر کا بہترین ذریعہ ہیں لیکن ڈرائیوروں کی غفلت‘ تیز رفتاری اور قواعد و ضوابط کو خلاف ورزی سے یہ آرام دہ سفر بھی خطرناک بن جاتا ہے۔یہ حادثہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ ایک لمحے کی لاپروائی بھی کس قدر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

اس حادثے کی ذمہ داری متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی پر بھی عائد ہوتی ہے۔ ٹرانسپورٹ کمپنیاں لانگ رُوٹ گاڑیوں میں متبال ڈرائیور کا بندوبست نہیں کرتیں اور جو ڈرائیور دستیاب ہوتا ہے اسے مناسب آرام کا موقع بھی نہیں ملتا‘ اس لاپروائی کے نتیجے میں مہلک حادثات رونما ہوتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو لانگ رُوٹ گاڑیوں میں متبادل ڈرائیور کی موجودگی یقینی بنانے کا پابند کیا جائے ۔ بس کمپنیاں اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینا اور اس کے لیے کوئی مؤثر اور قابلِ عمل حل نکالنا ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں