اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آئی ٹی برآمدات میں اضافہ

آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں بہتری کے امکانات خوش آئند ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں 38کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی آئی ٹی برآمدات ہوئیں جو کہ اب تک ایک مہینے میں ہونے والی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ہوچکی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں یہ حجم ایک ارب 20کروڑ ڈالر تھا۔ آئی ٹی برآمدات میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ آئی ٹی کمپنیوں کو اپنا 50 فیصد منافع بیرونی اکاؤنٹس میں رکھنے اور خرچ کرنے کی اجازت ملنا ہے‘ جو پہلے 35 فیصد تھی۔ اس اقدام سے برآمد کنندگان کا اعتماد بڑھا ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں حالیہ اضافہ خوش آئند ہے مگر ہماری آئی ٹی برآمدات ہمیشہ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہیں‘ اور ابھی تک سالانہ پانچ ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا طویل مدتی ہدف بھی حاصل نہیں ہو سکا۔ اگر حکومت اور نجی شعبہ باہمی اشتراک اور مستحکم پالیسیوں کے تحت کام کریں تو آئی ٹی انڈسٹری ملکی معیشت کی بحالی میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس شعبے کے استحکام اور ترقی کیلئے حکومتی سرپرستی‘ سرمایہ کاری کی سہولت‘ ہنر مند اور قابل افرادی قوت اور مارکیٹ میں مسابقت بڑھانے جیسے اقدامات ناگزیر ہیں۔ اگر ان عوامل پر توجہ دی جائے تو آئی ٹی سیکٹر نہ صرف برآمدات کے نئے ریکارڈ قائم کر سکتا ہے بلکہ ملک کی مجموعی معیشت کیلئے بھی ایک روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں