پنجاب بھر کے تھیٹرز میں عید دنگل کی تیاریاں مکمل
پنجاب بھر کے تھیٹرز میں عید دنگل کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
لاہور(لیڈی رپورٹر سے )پنجاب بھر کے تھیٹرز میں سپرسٹارز پرفارمرز عید کے موقع پر دھوم مچانے کے لئے تیار ہیں۔خوشبو، ندا چودھری، نادیہ علی، آفرین پری، مہک نور اور دیدار ملتانی نے عید پر سٹیج ڈراموں میں پرفارمنس کے ساتھ ساتھ نامور ڈریس ڈیزائنرز سے ڈریسز تیار کر ائے ہیں ۔لاہور کے شالیمار تھیٹر میں خوشبو اور دیدار ملتانی،محفل آڈیٹوریم میں آفریں پری، گوجرانوالہ کے مقامی تھیٹر راکسی میں نداچودھری، مہک نور منروا تھیٹر، نادیہ علی راولپنڈی کے ریالٹو تھیٹر میں فن کا مظاہرہ کریں گی۔ان تمام اداکاراؤں کا کہنا ہے کہ عوام نے ہمیشہ ہماری اعلیٰ اور معیاری پرفارمنس کو بہت سراہا ہے ۔ کسی بھی فنکار کی شہرت اور کامیابی میں پرستاروں کا بہت اہم کردار ہوتاہے ۔شالیمار، محفل، تماثیل ، الفلاح اور دیگر تھیٹروں میں ڈرامہ پروڈیوس کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈگر سے ہٹ کر ڈرامہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ عوام ایک جیسی کہانیوں پر مبنی ڈرامے دیکھ کر اکتاہٹ کا شکار ہیں ۔