اینیمیٹڈ فلم ’’دی گلاس ورکر‘‘ آسکرز اہلیت فہرست میں شامل
لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ‘دی گلاس ورکر’ کو آسکر ایوارڈز 2025ء کے لیے اہلیت کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے کچھ عرصہ قبل فلم ‘دی گلاس ورکر’ کو آسکر ایوارڈز 2025ء کے لیے ‘بہترین بین الاقوامی فیچر فلم’ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔اب 97 ویں دی اکیڈمی ایوارڈز نے آسکرز ایوارڈز 2025ء کی نامزدگیوں کے لیے اہلیت رکھنے والی بہترین فلموں کی فہرست جاری کی ہے ،جس میں اس پاکستانی فلم کو 2 مختلف کیٹیگریز کے لیے اہل قرار دے دیا گیا ہے ۔ان کیٹیگریز میں ‘بین الاقوامی فیچر فلمیں’ اور ‘اینی میٹڈ فیچر فلمیں’ شامل ہیں۔فلم ‘دی گلاس ورکر’ کو ‘اینی میٹڈ فیچر فلم’ کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے کے لیے دیگر 30 بین الاقوامی فلموں سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ ‘بین الاقوامی فیچر فلم’ کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے اور آسکر کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے دنیا بھر سے منتخب ہونے والی 86 فلموں سے مقابلے کا سامنا ہے جس میں بھارتی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ بھی شامل ہے۔