’’چھوٹے نواب‘‘کو گھر میں نامعلوم شخص نے خنجر گھونپ دیا
ممبئی (اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کے شوہر اورفلم سٹار سیف علی خان گھر میں گھسنے والے نامعلوم شخص کیساتھ مزاحمت کرنے پر شدیدزخمی ہوگئے ،حملہ آور نے انہیں خنجر گھونپ دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں گھس کر ان سے ایک کروڑ مانگے تھے ، حملہ آور نے سیف کے بیٹے کی آیا ایلیاما فلپس عرف لیماکو بھی زخمی کیا۔ آیا کے مطابق حملہ آور رات کے دو بجے گھر میں گھسا، سیف علی خان نے حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی تاہم اس نے ان پر خنجر کے پے در پے کئی وار کئے ، جس سے سیف علی خان شدید زخمی ہوئے ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ڈکیتی مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا،ریڑھ کی ہڈی کے قریب سے خنجرکا ٹکڑا نکالنے کیلئے اڑھائی گھنٹے تک سرجری کی گئی ،اب سیف علی خان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔اداکار کے زخمی ہونے پر ان کے بڑے بیٹے ابراہیم نے ڈرائیورکے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں آٹو رکشے میں بٹھا کررات 2بجے کے قریب لیلاوتی ہسپتال پہنچایاتھا۔واقعہ کے وقت کرینہ کپور اور ان کے دونوں بیٹے جے اور تیمور بھی گھر میں موجود تھے ، لیکن وہ مکمل طور پر محفوظ رہے ۔ممبئی پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ ملزم کی تصویر جاری کی گئی ہے ۔پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ملازموں اور عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے ۔