ہر عمر کا اپنا حسن ، اداکار اپنی عمر کو قبول کریں:احسن خان

ہر عمر کا اپنا حسن ، اداکار اپنی عمر کو قبول کریں:احسن خان

لاہور(شوبزڈیسک ) معروف اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ اداکاروں کو اپنی عمر کو قبول کرتے ہوئے ہر مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہیے کیونکہ ہر عمر کا اپنا الگ حسن اور اہمیت ہوتی ہے ۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اکثر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ صرف ایک مخصوص عمر ہی بہترین ہوتی ہے ، تاہم میں اس سوچ سے اتفاق نہیں کرتا۔ ہر عمر اور ہر مرحلے کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے ، ہمیں اسے قبول کرنا چاہیے اور اس سے لطف اندوز ہونا چاہیے ۔ انسان کو زندگی کے ہر مرحلے میں محنت جاری رکھنی چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے ۔اداکار کے مطابق عمر صرف ایک عدد ہے ، اصل اہمیت اداکاری کی مہارت، صلاحیت، مقبولیت اور پسندیدگی کو حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناظرین عمر سے زیادہ فنکار کی کارکردگی اور شخصیت کو پسند کرتے ہیں۔احسن خان نے زور دیا کہ ہر اداکار کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے کو مثبت انداز میں اپنائے اور خود کو بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں