تازہ اسپیشل فیچر

عریش فاطمہ اور رضوان ابرو پاکستان کے دو انمول ذہین بچے

ٹیکنالوجی

لاہور: (خصوصی ایڈیشن) کراچی کے 11 سالہ رضوان ایماز علی ابرو نے 2019ء میں ایک عالمی مقابلہ جیت کر اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر ا لیا ہے۔ ادھر 4 سالہ عریش فاطمہ دنیا بھر میں مائیکرو سافٹ کی کم عمر ترین پروفیشنل بن گئی ہیں۔

عریش فاطمہ نے ’’مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنلز ‘‘ کے امتحانات میں 700 کی جگہ 831 پوائنٹس حاصل کر کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ اس بچی نے اتنی کم عمری میں نیا ریکارڈ بنا کر سبھی کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

حکومت پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر 4 سالہ عریش فاطمہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ایک اہم تاریخی واقعہ اور’’ پرائیڈ آف پاکستان ‘‘قرار دیا ہے۔

ان امتحانات میں عمومی طورپر بڑی عمر کے بچے یا نوجوان حصہ لیتے ہیں لیکن عریش فاطمہ نے کورونا میں لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ابو سے تربیت حاصل کی اور انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سب سے آگے نکلنے کی کوشش کی۔

عریش فاطمہ انتہائی ذہین، چوکس اور ہوشیار بچی ہے۔ اس کے والد اسامہ بھی آئی ٹی کے ماہر ہیں۔ انہوں نے بھی آئی ٹی کی دنیا میں محیر العقول کارنامے سرانجام دئیے ہیں۔ بچپن سے جوانی تک ان کا ریکارڈ بھی غیر معمولی رہا ہے۔ بیٹی بھی باپ پر گئی ہے۔

اس کے والد کا کہنا ہے کہ میری بیٹی بہت اچھی آبزرور ہے۔ دوسروں کو کام کرتے ہوئے دیکھ کر کام کی گہرائی تک پہنچ جاتی ہے۔ مجھے کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے اس نے بھی وہ کچھ سیکھ لیا جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔ اس کی یادداشت بلا کی تیز ہے، اسی لیے وہ اگلے دو سالوں میں قرآن پاک کو حفظ کرنے کا پختہ عزم کیے ہوئے ہے اور وہ یہ کام کر لے گی۔

عریش فاطمہ کی کمپیوٹر میں مہارت کو جلا بخشنے میں اس کے والد کا بڑا کر دار ہے، یہ شوق اسے ان سے ہی ورثے میں حاصل ملا۔ باپ نے ہی اسے ’’ورڈ‘‘ میں فائلوں کو لکھنا ، بنانا اور محفوظ کرنا سکھایا۔ انہوں نے اس کے مختلف ٹیکسٹ سکھائے اور پھر انہی فائلوں میں گرافک کو شامل کرنے کا ہنر بھی سکھایا۔اب 4سالہ بچی ایم ایس آفس پرکا م کے دوران کسی بھی بڑے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ ٹیبلز ا ور چارٹ بنانا آسان نہیں ،لیکن وہ کر سکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے 11سالہ رضوان ایماز علی ابرو(Aima’az Ali Abro)نے 2019ء میں ایک عالمی مقابلہ جیت کر اپنانام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر الیا ہے۔ دنیابھر سے نوجوانوں نے ایک ایسے مقابلے میں حصہ لیا جس میں ان کے سامنے تمام ممالک کا انتہائی مختصر تعارف پیش کیا گیا۔

ہمارے ابرو نے ایک منٹ میں 57ممالک کا نام بتا کر مقابلہ جیت لیا۔ یوں تو اس نے 58 ممالک کے نام درست بتائیے لیکن آخری نام مقرہ مدت (ایک منٹ ختم ہونے کے بعد بتایا گیا تھا)۔اس جیسا ذہین اور ممالک کے بارے میں وسیع معلومات رکھنے والالڑکا پوری دنیا میں کوئی نہ تھا۔

وہ کہتا ہے کہ ’’میں پاکستان کے لئے نوبل انعام بھی جیت کر لائوں گا‘‘، تاہم ابھی یہ دیکھنا ہے کہ یہ لڑکا اپنے لئے کون سی فیلڈ کا انتخاب کرتا ہے اور اس میں جوہر دکھانے کے راستے پاکستان میں موجود بھی ہیں یا نہیں ہے۔

تحریر: سروش فاطمہ