تازہ اسپیشل فیچر

پاکستانی کا انوکھا ریکارڈ: ملازمت، شادی اور 7 بچوں کی ولادت کی ایک ہی تاریخ

عجیب خبریں

کراچی: (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے ایک استاد دو سال کی کوششوں کے بعد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے گھر کے 9 افراد ایک ہی تاریخ یعنی یکم اگست کو پیدا ہوئے ہیں۔

امیر علی نے امریکی شہری کا ریکارڈ توڑا ہے۔ گینز ورلڈ رکارڈ 1966ء کے مطابق کیمنز خاندان کے 5 بچے ایک ہی تاریخ یعنی 20 فروری کو پیدا ہوئے تھے۔

امیر علی منگی کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ دھامراہ سے ہے اور وہ ہائی سکول میں استاد ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ یکم اگست 1968ء کو پیدا ہوئے جبکہ ان کی بیوی کی پیدائش یکم اگست 1973ء کی ہے۔

ان کی پہلی اولاد بیٹی سندھو امیر یکم اگست 1990ء میں پیدا ہوئی، اس کے بعد جڑواں بیٹیاں سسّی اور سپنا یکم اگست 1998ء ، بیٹا عامر یکم اگست 2001ء ، اس کے بعد بیٹا امبر یکم اگست 2002ء اور اس کے بعد جڑواں بیٹے عمار اور احمر یکم اگست 2003ء کو پیدا ہوئے۔

امیر علی منگی علم نجوم پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا برج اسد ہے، زندگی میں جو بھی واقعات ہوتے ہیں اس میں ایک کا ہندسہ لکی نمبر ہوتا ہے۔ انھوں نے جب محکمہ تعلیم جوائن کیا تو اس کی تاریخ یکم اگست تھی، اس طرح ان کی شادی بھی یکم اگست کو ہوئی تھی۔

لکی نمبر ہونے کی وجہ سے انھوں نے یہ تاریخ مقرر کی تھی۔ امیر منگی پامسٹ اور شاعر بھی ہیں۔ انھوں نے سوشیالوجی، آئی آر، اکنامکس سمیت متعدد ماسٹرز ڈگریاں بھی حاصل کی ہوئی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پورا خاندان کی سالگرہ کا ایک دن ہی کیک کاٹ لیتے ہیں۔ امیر علی منگی کا دعویٰ ہے کہ ان کے تمام بچوں کی پیدائش گھر میں نارمل ڈلیوری کے ذریعے ہوئی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے مقامی یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج کرایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے ایک دوست ہیں سعید احمد انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ اس ریکارڈ کا دعویٰ کریں پھر جو چاہے نتیجہ آئے۔ 2018ء میں آن لائن جا کر کلیم دائر کیا، ابتدا میں کوئی ریکارڈ ساتھ نہیں بھیجا تھا، اس کے بعد انھوں نے قومی شناختی کارڈ نمبر، تمام افراد کی الگ الگ تصاویر، سکول سرٹیفکیٹ اور یونین کونسل کے برتھ سرٹیفکیٹ طلب کیے جبکہ نادرا سے انھوں نے خود رابطہ کیا۔

امیر علی منگی نے بتایا کہ دسمبر 2020ء میں انھوں نے آگاہ کیا اور مارچ 2021ء میں سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔ گنیز ورلڈ رکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق سب سے زیادہ فیملی ممبر ایک ہی تاریخ پر پیدا ہونے کا ریکارڈ پاکستان میں لاڑکانہ کے شہری امیر علی منگی نے حاصل کیا ہے۔

یہ فیملی خاندان کے سربراہ امیر علی منگی، ان کی بیگم خدیجہ سات بچوں سندھو، سسی، سپنا، عامر، امبر، عمار اور احمد پر مشتمل ہے جن کی عمریں 17 سے 28 سال کے درمیان ہیں جن میں سے دو جڑواں بیٹیاں 1998ء اور دو جڑواں بیٹے 2003ء میں پیدا ہوئے ہیں۔

امیر علی کے تین بیٹے انجینئرنگ، تین بیٹیاں فزیکل ایجوکیشن اور ایک بیٹا بی ایس سی میں زیر تعلیم ہے۔