تازہ اسپیشل فیچر

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن کی حکومت کے بڑے بڑے برج الٹ گئے

پاکستان

لاہور: (رپورٹ، دنیا الیکشن سیل) آزاد جموں کشمیر میں اپنی مدت پوری کرنے والی مسلم لیگ ن کی حکومت کے بڑے برج الٹ گئے۔ سابق وزرا کی اکثریت انتخابات میں شکست کھا گئی۔

 

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی مدت پوری کی تھی جس میں اس کی کابینہ کے وزرا اپنی کارکردگی کے دعوؤں کے ساتھ انتخابات میں اترے تھے۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کابینہ کے وزرا کی اکثریت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان میں ایل اے 1 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار مسعود خالد جو گزشتہ کابینہ میں زراعت کے وزیر تھے، تحریک انصاف کے امیدوار چودھری اظہر صادق سے ہار گئے۔

اسی طرح سابق وزیر برائے پاور ڈویلپمنٹ چودھری رخسار ایل اے 4 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے جنھیں تحریک انصاف کے چودھری ارشد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایل اے 7 مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری طارق فاروق جو گزشتہ کابینہ میں ہاؤسنگ کے سینئر وزیر تھے، اس انتخابی دنگل میں تحریک انصاف کے امیدوار چودھری انوار الحق کے سامنے ڈھیر ہو گئے۔

ایل اے 11 سے مسلم لیگ ن کے راجہ نصیر جو گزشتہ چار انتخابات سے مسلسل کامیابی حاصل کر رہے تھے اور گزشتہ کابینہ میں بھی مسلم لیگ ن کے لوکل گورنمنٹ کے وزیر تھے، انتخابات 2021ء میں تحریک انصاف کے چودھری اخلاق سے شکست کھا گئے۔

ایل اے 15 باغ جس میں مسلم لیگ ن کی سابقہ کابینہ کے وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق منہاس کا مقابلہ تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس سے تھا۔

یہ حلقہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور سوشل میڈیا سمیت پاکستان بھر میں بھی اس حلقے کے حوالے سے خصوصی دلچسپی پائی جاتی تھی۔ اس مقابلے میں سردار تنویر الیاس نے سابق وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کو شکست دیدی۔

حلقہ ایل اے 17 مسلم لیگ ن کے امیداور چودھری عزیز جو سابق کابینہ میں پبلک ورکس کے وزیر تھے، ان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور سے شکست کھا گئے۔

ایل اے 23 سے مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر نجیب نقی کو امیدوار نامزد کیا تھا جو ن لیگ کی سابق کابینہ میں وزیر صحت بھی رہے تھے۔ ڈاکٹر نجیب نقی کو تحریک انصاف کے سردار محمد حسین نے شکست سے دوچار کیا۔

ایل اے 24 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار فاروق طاہر جو گزشتہ کابینہ میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے وزیر قانون تھے، ان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے فہیم اختر ربانی سے شکست کھا گئے۔

ایل اے 27 میں مسلم لیگ ن کی خاتون امیدوار نورین عارف تھیں جو آزاد کشمیر کی گزشتہ کابینہ میں صنعت اور خواتین کے امور کی وزیر رہی ہیں، ان انتخابات میں کامیاب نہ ہو سکیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار جاوید ایوب سے شکست کھا گئیں۔

ایل اے 35 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اسماعیل گجر جنھیں تحریک انصاف کے چوہدری مقبول گجر نے شکست دی ہے۔ اسماعیل گجر کشمیر کی گزشتہ کابینہ میں وزیر لائیو اسٹاک رہے ہیں۔

ایل اے 36 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری اسحاق جو کشمیر کی گزشتہ کابینہ میں وزیر جیل خانہ جات رہے ہیں ، ان انتخابات میں تحریک انصاف کے حافظ حامد رضا سے ہار گئے۔

ایل اے 42 سے مسلم لیگ ن نے شوکت شاہ کو ٹکٹ جاری کیا تھا جو کشمیر کی گزشتہ کابینہ میں وزیرخوراک رہے تھے، ان انتخابات میں تحریک انصاف کے عاصم شریف بٹ سے شکست کھا گئے۔