تازہ اسپیشل فیچر

لاہور کے چڑیا گھر میں فش ہاؤس شائقین کی دلچسپی کا بڑا مرکز بن گیا

عجیب خبریں

لاہور:(دنیا نیوز)صوبائی دارالحکومت کے چڑیا گھر کا فش ہاؤس شائقین کی دلچسپی کا بڑا مرکز بن گیا،سیاحوں کو مچھلیوں کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق ایکوریمز میں تیرتی رنگ برنگی مچھلیاں بھلا کس کو نہیں بھاتیں اورجب یہ تعداد میں بھی بہت زیادہ ہوں تو گویا لطف دوبالاہوجاتا ہے۔

اِن دنوں لاہور چڑیا گھر کے مچھلی گھر میں آنے والے شائقین کی بڑی تعداد یہی لطف اُٹھاتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے جبکہ سیاحوں کا ایک ساتھ اتنی زیادہ خوب صورت مچھلیوں کو دیکھنا انہیں خوب بھاتا ہے۔

مچھلی گھر میں کوئی کارپ ، پاچو،ڈائمنڈ کوئی اور ٹیٹرا اقسام کی مچھلیاں موجود ہیں تو بلیو لائن شارک اور گورامی اقسام کی مچھلیاں بھی خوب صورتی سے اٹھکیلیاں کرتی ہوئی نظرآتی ہیں۔ کہنے والوں کا تو یہ بھی کہنا ہےکہ اِن کی حرکات وقتی طور پرآپ کو بہت خوبصورت دنیا میں لے جاتی ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر کرن سلیم نے اس حوالے سے کہا کہ بے شمار احباب گھروں میں بھی مچھلیاں رکھتے ہیں، لیکن ضروری ہے کہ اِن کے بارے میں مکمل معلومات بھی حاصل کی جائیں ۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ مچھلیوں کو اٹکھیلیاں کرتے دیکھنا ڈپریشن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔