نوازشریف ، مریم نواز کی 18دسمبر کو وطن واپسی ہوگی
19دسمبر کو عدالت میں پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہو گا
اسلام آباد(طارق عزیز)مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف، مریم نواز 18دسمبر کو برطانیہ سے پاکستان پہنچیں گے اور اگلے روز 19دسمبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مریم نواز جو لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے موجود ہیں، اُن کی واپسی 18دسمبر پیر کے روز ہوگی اور اگلے روز دونوں باپ بیٹی احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے ۔شریف خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے ، تاہم مزید علاج کے لیے انہیں لندن میں رہنا پڑے گا، اُن کی دیکھ بھال کے لیے حسن اور حسین نواز وہاں موجود ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق 19دسمبر کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ا علٰی سطحی مشاورتی اجلاس ہو گا، جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرا علٰی پنجاب شہباز شریف، راجہ ظفرالحق، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں سیاسی صورت حال پر مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی، سینیٹ انتخابات، عام انتخابات ، قبل از وقت انتخابات کے آپشن پر بھی غور ہو گا، ان اہم ایشوز پر سابق وزیراعظم نواز شریف اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔