آئیڈیا جسٹ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان
5.5 سے بڑھا کر 10کروڑ ڈالر کر دی،رقم ٹیکنالوجیزمنصوبوں کیلئے ہے :حسن سید
اسلام آباد (اے پی پی)انٹرپرینورشپ کی ترویج اورابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیزمیں اختراع کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کیلئے دنیا میں انکوبیشن کے سب سے بڑے پلیٹ فارم آئیڈیا جسٹ نے پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری 5.5 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر10 کروڑ ڈالر کرنے کا اعلان کیاہے ۔ آئیڈیا جسٹ کے بانی حسن سید نے اتوار کوجاری بیان میں کہاکہ پاکستان میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اورانکوبیشن میں نئے منصوبوں کیلئے مزید 4.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔انہوں نے 100 ارب روپے مالیت کے فنانس پروگرام کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان اورسٹیٹ بینک کومبارکبادبھی دی۔سٹیٹ بینک نے ایک روزقبل سبسڈائیز فنانسنگ پروگرام کا باضابطہ آغازکیا ہے جس کا بنیادی مقصد نئے اورچھوٹے ودرمیانہ درجہ کے کاروبار کو زرتلافی کے حامل قرضوں کی فراہمی ہے تاکہ روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع سامنے آسکیں ۔ حسن سید نے کہا کہ پاکستان کے اختراعی ایکوسسٹم میں سرمایہ کاری منافع بخش ہے ۔ ملک میں ابھرتی ہوئی جدید اوراختراعی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم اوروفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کو اپناکرداراداکرنا چاہئے ۔آئیڈیاجسٹ نے قبل ازیں پاکستان میں تھری ڈی پرنٹنگ، مصنوعی ذہانت، انٹیلی جنٹ وہیکل، سمارٹ روبوٹ، بلاک چین اور انٹرنیٹ آف تینگز میں پروگرام شروع کئے ہیں۔ وزیراعظم کے سٹارٹ اپ پروگرام کے تحت آئیڈیا جسٹ ملک بھر میں 590 انکوبیشن و ایکسی لیٹر مراکز قائم کرے گا۔