ن لیگ ایوان کے اندر سے تبدیلی کی مخالف

 ن لیگ ایوان کے اندر سے تبدیلی کی مخالف

فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ہوتو پی ٹی آئی کلین بولڈ :احسن اقبال , ضمنی الیکشن ، لیگی امیدواروں کے انٹرویوز، حتمی فیصلہ نواز شریف کرینگے

لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے ان ہاؤس تبدیلی کا امکان مسترد کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کا اجلاس ہوا جس میں ضمنی الیکشن پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ ان ہاؤس تبدیلی کے عمل کو ہارس ٹریڈنگ سمجھتی ہے ۔احسن اقبال نے الزام لگایا کہ وزرا نے ضمنی الیکشن کیلئے سرکاری مشینری کا استعمال شروع کر دیا ۔ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم مضبوط ہے ، حکومت کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، 400 سے زائد استعفے آئیں گے تو یہ نظام ختم ہوجائے گا جبکہ 19 جنوری کو فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے ۔ احسن اقبال نے کہا فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ہوتو پی ٹی آئی کلین بولڈ اور عمران خان نااہل ہوجائیں گے ،اب شہزاد اکبر اور عمران خان کے اشتہاری ہونے کا وقت ہے ،ہمارا وقت گزر گیا اب ان کا وقت آنے والا ہے ۔مجھ پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں میں چیلنج کرتا ہوں میرے ترانوے سے لے کر آج تک اثاثے کم ہوئے ہیں ، ڈاکو ڈاکو چور چور کا چورن نہیں بکنے والا اب حساب دینا ہوگا۔ادھر سیالکوٹ گوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی جانب سے ایم این اے کی ٹکٹ نوشین افتخار جبکہ ایم پی اے کیلئے مرحوم شوکت منظور چیمہ کی بیوہ یا بھائی کوملنے کا امکان ہے ،مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نوازنے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے اضلاع کے پارٹی عہدیداروں کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے چناؤ،متفقہ امیدوار لانے اورکامیابی کے لئے حکمت عملی پرغوراور مشاورت کی گئی،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ممکنہ امیدواروں کے ناموں کے حوالے سے غور اوران سے ابتدائی انٹر ویو بھی کئے گئے ۔ ایم این اے کے ٹکٹ کیلئے نوشین افتخار کے علاوہ شمسہ سلیم بخاری ،سید فیصل شاہ، آصف باجوہ بھی فہرست میں شامل ہیں جبکہ ایم پی اے کے ٹکٹ کے لئے خالد منظور، حسین چیمہ، بابر علائو الدین، طلعت محمود ،امتیاز اظہر، بابر امتیاز، چودھری مستنصر علی گوندل اور عامر زمان بھی دوڑ میں شامل ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ امیدواروں کی حتمی لسٹ مرتب کرکے نواز شریف کو پیش کرے گا، جس کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں