ایئر چیف سے آذر بائیجانی وزیردفاع ،کمانڈر فضائیہ کی ملاقات
پیشہ ورانہ امور، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ،جے ایف17تھنڈر کی تعریف فضائیہ چیف مجاہد انور خان کا یادگار شہدا کا دورہ ، پھولوں کی چادر چڑھائی
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اورکمانڈر آذربائیجان ایئر فورس لیفٹیننٹ جنرل رمیز طاہروف سے الگ الگ ملاقات کی،ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کمانڈر آذربائیجان ایئر فورس سے ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، سربراہ پاک فضائیہ نے آذربائیجانی فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور پاک فضائیہ کی جانب سے عسکری تربیت میں بھرپور مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی،مہمان کمانڈر نے پاک فضائیہ کے اعلیٰ پائے کے تربیتی نظام کی تعریف کی اورآذربائیجانی فضائیہ کے اہلکاروں کی عسکری تربیت میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا، انہوں نے پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے اقدامات بالخصوص جے ایف17تھنڈر پروگرام کی ملکی سطح پر تیاری کی بھی بھرپور پذیرائی کی، بعد ازاں ایئرچیف نے آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف سے ملاقات کی،دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا،قبل ازیں ایئر چیف نے یادگار شہدا کا دورہ بھی کیا اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگارپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔