افغانستان میں امن کیلئے مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے : آرمی چیف ، کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ

افغانستان میں امن کیلئے مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے : آرمی چیف ، کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ

استحکام کیلئے جاری کوششیں سخت جدوجہد سے حاصل کامیابیوں کو پائیدار امن کی جانب لے جائیں گی ، باڑ کی تنصیب ،بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں اور افسروں کی کوششوں کو سراہا

لاہور (نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں قیام امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ۔ یہ بات انہوں نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورہ کے دوران کہی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال،باڑ کی تنصیب سمیت بارڈر مینجمنٹ کے علاوہ استحکام کے بعد صوبے میں ضم کئے گئے قبائلی اضلاع میں پولیس اور ایف سی کی صلاحیتوں میں اضافے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پشاور کور کے افسروں اور جوانوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے قبائلی اضلاع میں استحکام کے حوالے سے پولیس اور ایف سی سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے کردار بھی تعریف کی۔ انہوں نے قیام امن کیلئے مقامی آبادی کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ استحکام کیلئے جاری کوششیں سخت جدوجہد سے حاصل کامیابیوں کو پائیدار امن کی جانب لے جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں