پراپیگنڈے کے باوجود دھونس میں نہیں آئینگے ، چیئرمین نیب

 پراپیگنڈے کے باوجود دھونس میں نہیں آئینگے ، چیئرمین نیب

نیب کا مقصد تشہیر نہیں، متاثرین کے نقصان کا فوری ازالہ ،تقریب سے خطاب , ماڈل انکلیو ، فیروزپور ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں 76کروڑ کے چیک تقسیم

اسلام آباد،لاہور (خصوصی وقائع نگار، خبرایجنسیاں)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کیخلاف مذموم پراپیگنڈا کیا گیا لیکن نیب کسی بھی دھونس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف میرٹ پر کام جاری رکھے گا۔ وہ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، لاہورمیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیمو ں نے میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی پیشرفت پر چیئر مین نیب کو جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ کے اختتام پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ماڈل ہاؤسنگ انکلیو اور فیروزپور ہائوسنگ سوسائٹی کے 3000 سے زائد متاثرین میں 76 کروڑ مالیت کے چیک تقسیم کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ قانون کی حکمرانی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ،نیب کا مقصود کسی عمل کی تشہیر کرنا نہیں بلکہ متاثرین کے نقصان کا فوری ازالہ ہی پہلی فوقیت ہے ۔ انکا کہنا تھا تاریخ میں پہلی مرتبہ پلی بارگین قانون کے تحت دو سال کے کم ترین عرصہ میں ڈھائی ارب کی خطیر رقم ملزمان سے برآمد کروا کر ہزاروں متاثرین میں تقسیم کی گئی ہے ۔ نیب میں ہر کسی کے عزتِ نفس کا مکمل طور پر خیال رکھا جاتا ہے ،تنقید ضرور کریں مگر تنقید تعمیری ہونی چاہئے نہ کہ محض الزام تراشیوں پر مبنی ہو،چیئرمین نیب نے کہا کہ ماضی میں جن کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھا بھی نہیں جا سکتا تھا، نیب نے ان سے باقاعدہ ریکوریاں کی ہیں،انہوں نے کہا سفارش اور دھمکی نیب کے دروازے کے باہر ہی ختم ہو جاتی ہے ، ہمارا راستہ ملک و قوم کی بے لوث خدمت کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا آج تک پاکستان کے کسی بزنس مین کو نیب کیوجہ سے کوئی مشکل درپیش نہیں رہی۔ اگر بزنس کمیونٹی کو نیب سے کوئی مشکلات کا سامنا ہوتا تو کیا سٹاک ایکسچینج ترقی کر رہا ہوتا؟ نیب کی تحویل اور جوڈیشل کسٹڈی کے فرق کو سمجھا جائے ۔ چیئر مین نیب نے کہا کرپشن کے خلاف بلا امتیاز اقدامات جاری رہیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں