آرمی چیف سے قائم مقام امریکی ناظم الامورکی ملاقات

آرمی چیف سے قائم مقام امریکی ناظم الامورکی ملاقات

نئی امریکی انتظامیہ سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے :جنرل باجوہ سردی میں کے ٹو سر کرکے تاریخ بنانیوالے کوہ پیما بھی جنرل باجوہ سے ملے

لاہور(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سفارت خانہ کے قائم مقام ناظم الامور نے گزشتہ روز ملاقات کی، دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کے دوران آرمی چیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ پاک امریکا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔امریکی مہمان نے خطے میں کشیدگی کے تدارک اور افغان امن عمل کے حوالے سے معاونت و حمایت پر پاکستان کے ٹھوس کردار کی تعریف کی، انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے امریکی معاونت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ دریں اثنا پاکستان کی عظیم چوٹی کے ٹو موسم سرما میں سر کرنیوالے کوہ پیماؤں کی ٹیم نے گزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے ملاقات کیلئے آنیوالے نیپالی کوہ پیما نرمل پورجا، گلجے شیرپا، منگما ڈیوڈ، منگما جی، سونا شیرپا، منگما تینزی شیرپا، پیم چھیری شیرپا، داوا ٹیمبا شیرپا، کیلی پیمبا شیرپا اور داوا تینجنگ شیرپاکوپہلی مرتبہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرکے کوہ پیمائی کے شعبے میں تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی۔ کوہ پیماؤں کی ٹیم نے تاریخ ساز مہم کے دوران پیش آنے والے تجربات آرمی چیف کیساتھ شیئر کئے اور مہمان نوازی پر پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیم نے ریکارڈ ساز مہم کی کامیابی کیلئے سہولتیں فراہم کرنے پربھی اظہار تشکرکیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں