پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی کی ملاقات

 پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی کی ملاقات

ہر وعدہ الٹ ،بزدار سے ناراض ارکان کی تعداد 15ہو گئی ، داؤد سلمانی سپیکر کی پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر عمارت کا کام ڈبل شفٹ میں کرنیکی ہدایت

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی خواجہ داؤد سلمانی نے ملاقات کی ، حکومتی رکن نے کہا کہ عثمان بزدار سے اختلاف رکھنے والے ارکان کی تعداد پندرہ سے زائد ہوچکی ہے ، پرویزالٰہی نے کہاکہ آپ ہی نہیں اورلوگوں کو بھی شکایات ہیں، دائود سلمانی کاکہناتھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سے آٹھ ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے ، پرویزالٰہی نے ہمارے درمیان صلح کروائی تھی،جو معاہدہ ہمارے اوروزیراعلیٰ کے درمیان ہوا تھا اس کی گارنٹی چودھری پرویزالٰہی نے دی تھی، ہمارے ساتھ جو وعدہ کیا گیا تھا ہر کام اس کے الٹ ہو رہا ہے ، پنجاب میں اس وقت کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے ،کوئی پرسان حال نہیں، عثمان بزدار کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا،سپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں، دائو د سلمانی نے اعلان کیاکہ اب جو بھی معاملات طے ہوں گے ، پرویزالٰہی کے ساتھ ہوں گے ،پرویزالٰہی کا ملاقات میں کہناتھاکہ میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا،اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر عمارت کا کام دو شفٹوں میں جاری رکھنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں