آرمی چیف کا دورہ قطر، سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقاتیں : دفاعی و سکیورٹی تعاون پر بات چیت
پاسنگ آؤٹ پریڈ دیکھی، اعلیٰ تربیتی معیار ،مستقبل کے جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کیڈٹس تیار کرنیکی کوششوں کی تعریف ، پاکستان ، قطر سٹریٹجک اہمیت کے برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں،قطری قیادت، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا 2 روزہ سرکاری دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران آرمی چیف نے احمد بن محمد ملٹری کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ دیکھی، انہوں نے کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار اور مستقبل کے جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نوجوان کیڈٹس کو تیار کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ اورقطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف جنرل غنیم بن شاہین الغنیم سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور ، دفاع اورسکیورٹی میں تعاون کے علاوہ علاقائی جغرافیائی سیاسی ماحول پر بات چیت ہوئی۔ قطر کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور قطر سٹریٹجک اہمیت کے برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں۔ دونوں ملکوں نے مسلح افواج کے مابین دفاعی روابط کی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔