حکومت ناکام، پی ڈی ایم کا مفاد دو خاندانوں کیلئے : اسلامی انقلاب کے سوا کوئی آپشن نہیں : سراج الحق

حکومت ناکام، پی ڈی ایم کا مفاد دو خاندانوں کیلئے : اسلامی انقلاب کے سوا کوئی آپشن نہیں : سراج الحق

یوٹرن پوری دنیا میں حکومت کی پہچان بن گیا ، بڑ ے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہیں، پاکستان کاکباڑا کر دیا ، حکومت بری طرح ایکسپوز ، وزیراعظم کے الفاظ انکا ساتھ چھوڑ گئے ، پی پی ، ن لیگ نے عوام کیلئے کیا کیا؟ ،مردان میں خطاب

مردان (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یوٹرن پوری دنیا میں حکومت کی پہچان بن گیا ہے ۔ بڑ ے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہیں جنہوں نے پاکستان کا کباڑا کر دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت دو ڈھائی برسوں میں ہر شعبہ میں خراب پرفارمنس دیکر اتنی بری طرح ایکسپوز ہوئی کہ اب وزیراعظم کے الفاظ ان کا ساتھ دینا چھوڑ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کی سیاست چند خاندانوں کے مفادات کا تحفظ ہے ۔پوچھنا چاہتا ہوں آپ کا کیا ایجنڈا ہے ۔ پی پی ، ن لیگ نے بھی ملک پر سالہا سال حکومت کی،بتائیں عوام کے لیے کیا کیا؟ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں فرق کرنا دانشمندی نہیں۔ پاکستان کو امریکی ساہوکاروں سے نجات دلانے کا وقت آگیا۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے اس خواب کی جلد تعبیر کرے گی۔ مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا ملک میں جمہوری اور پرامن اسلامی انقلاب لاکر طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ سودی معیشت کے استحصالی نظام سے جان چھڑائی جائے گی۔ ریاست بوڑھے مردوخواتین، بے روزگار نوجوان، مزدور اور کسان کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کریں گے اور اشیائے خورونوش پر سبسڈی دے کر اس کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا پی ٹی آئی کی بھی عوام کو پہچان ہو گئی اور ثابت ہوگیا کہ انکے پاس بہتری کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ وزیراعظم سے پوچھا جانا چاہیے کہ پی ٹی آئی کے دور میں گند میں کمی آئی یا اضافہ ہوا؟ انہوں نے کہا ملک میں کرپشن ، بیروزگاری ، مہنگائی کی وجہ سے عوام دن رات اس وقت کو کوس رہے ہیں جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی۔ ملک کا حلیہ بگڑ گیا اور ہم پوری دنیا میں لاوارث قوم بن گئے ۔ اس حکومت کی ناکامیوں کی تعداد لامحدود ہے ، اس حکومت نے لنگر خانے تعمیر کرائے مگر اب ان کا انتظام بھی نہیں چلتا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہوتی ہے میرا بس چلے تو گالیاں بکنے والوں کو اڈیالہ جیل بھیج دوں، اب جماعت اسلامی واحد چوائس ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں