پی ٹی آئی کے سامنے پارلیمنٹ کی اہمیت نہیں : شازیہ مری
حکومت کو سینیٹ الیکشن پر پارلیمانی جماعتوں سے بات کرنی چاہیے تھی ، حکومت18ویں ترمیم کو بھی نقصان پہنچانا چاہتی ہے ، پریس کانفرنس
حیدرآباد(نمائندہ دنیا ) پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سامنے پارلیمنٹ کی کوئی اہمیت نہیں ، وہ عدلیہ کو ڈکٹیٹ کرنا چاہتی ہیں۔ بلاول بھٹو زداری نے کہہ دیا ہے کہ انتخابی آرڈنینس انتخابات سے پہلے دھاندلی ہے ۔ حکومت 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کو بھی نقصان پہنچانا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ وہ پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر صغیر قریشی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہی تھیں، ان کے ہمراہ عاجز دھامراہ، احسان ابڑو، آفتاب خانزادہ اور دیگر بھی موجو دتھے ۔ شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پارلیمنٹ کی جماعتوں کو بیٹھاکر بات کرتی ، یہ حکومت صرف ٹوپی ڈرامہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کرپشن میں پاکستان کئی درجے نیچے گرچکا ہے ۔ اسی طرح آزادی رائے پر بھی پاکستان کے درجے نیچے آگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے ایک ماہ میں تین مرتبہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ، بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، عوام بھوک و بدحالی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ہوگا، اس کے لئے اراکین اسمبلی دن رات کام کررہے ہیں۔