جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم چوکس رہنا ہوگا ، آرمی چیف

جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم چوکس رہنا ہوگا ، آرمی چیف

دورجدیدکے جنگی میدانوں میں برتری صرف چیلنجز سے آگاہی کی صورت میں ہی برقرار رکھی جا سکتی ہے :جنرل باجوہ ، آرمی چیف کا پی اے ایف ائیر وار کالج کراچی کا دورہ ،پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت،قابل رشک کامیابیوں کی تعریف

لاہور(نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی کے دورے کے موقع پر 34 ویں ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور قابل رشک کامیابیوں کی تعریف کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں پر جدید تبدیلیوں سے آگاہی اور برتری برقرار رکھنے کیلئے تسلسل کیساتھ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہادورجدیدکے جنگی میدانوں میں برتری صرف اس صورت برقرار رکھی جا سکتی ہے کہ ہم عہد حاضر کے چیلنجز سے آگاہ ہوں اور نئے ابھرتے تصورات کے مطابق ان سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم چوکس رہنا ہوگا،قبل ازیں آرمی چیف نے سنٹرل آرڈیننس ڈپو کراچی کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو سہل لاجسٹک سپورٹ یقینی بنانے کیلئے پرانے انفراسٹرکچر کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے لاجسٹکس کے شعبے کی آپریشنل کارکردگی میں اضافے کیلئے آرڈیننس کور کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں