پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی، اب عوام کے دل : سراج الحق

پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی، اب عوام کے دل : سراج الحق

اڑھائی سال میں ایک پل بھی سکھ نہ ملا،خیروبرکت اٹھ گئی ،پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ آ رہا ، قرض بڑا مرض ،مغربی فنڈزسے چلنے والی این جی اوزمدارس کا امیج خراب کر نے میں مصروف :خطاب

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی اب 22کروڑ عوام کے دل جلا رہی ہے ۔پی ٹی آئی کے اڑھائی سالہ دور حکومت میں ملک و قوم کو ایک پل بھی سکھ نصیب نہیں ہوا۔ ملک میں غذائی اجناس کے ہوتے ہوئے خیر و برکت بھی اٹھ گئی۔ آئی ایم ایف کا قرض ملک اور عوام کے لیے سب سے بڑا مرض بن چکاہے ۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں۔ مغرب کے فنڈ سے چلنے والی این جی اوز مدارس کا امیج خراب کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ حکومت اس بات کا فوری نوٹس لے ،قوم نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے ۔ بلامبٹ تیمرگرہ دیر پائیں میں جامع احیاء العلوم کی تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیاہے ۔ نئے پاکستان میں غریب کا مرنا آسان جینا مشکل بنا دیا گیاہے ۔ ملک میں آٹا ، شوگر ، لینڈ ، ڈرگ ، چینی ، پٹرول اور گھی مافیا اپنے عروج پر ہے ۔ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ بجٹ آتا ہے ۔ جماعت اسلامی 26 فروری کو مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف بہاولپور میں عظیم الشان جلسہ کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں