حکومت کے پھڈے والے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ، چیف جسٹس

حکومت کے پھڈے والے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ، چیف جسٹس

الائونس حکومت طے کرتی ہے عدالتیں نہیں:ریمارکس،پروموشن الائونس کے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم ، ہائیکورٹ کوتنخواہیں،الائونس بڑھانے کااختیار نہیں:جسٹس اعجاز الاحسن ،صوبوں کااختیارہے :جسٹس مظاہر علی اکبر

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ایک ملا زم کاالائونس بڑھانے کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہاالائونس حکومت طے کرتی ہے عدالتیں نہیں، حکومت کے پھڈے والے معاملات میں ہم مداخلت نہیں کرتے ۔عدالت عظمیٰ نے خیبرپختونخوا کے رہائشی سید صادق شاہ کے پروموشن الائونس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ چیف جسٹس نے کہاحکومت آئی ایم ایف سے قرض لے کر پیسہ تنخواہوں میں لگا دیتی ہے ،کوئی کام کرنے کیلئے حکومت کے پاس رقم نہیں ہوتی،کے پی کے میں سارا ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کا پیسہ ہے ،انہوں نے مزید کہا کے پی کے حکومت سے پوچھ لیں کتنا پیسہ تنخواہوں میں بانٹا؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے دوران سماعت کہا ہائیکورٹ کو اختیار نہیں کہ وہ تنخواہیں یاالائونس بڑھانے کا کوئی حکم دے ۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہااٹھارہویں ترمیم کے بعد اس کاصوبوں کو اختیار حاصل ہے ۔ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہاصوبائی حکومت کے پاس بجٹ کم ہے ،یاد رہے پشاور ہائیکورٹ نے دیگر صوبوں کی طرح کے پی کے میں بھی پرموشن الائونس بڑھانے کا حکم دیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں