وزیراعظم کی تقریر، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب

وزیراعظم کی تقریر، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب

وزیراعظم کے بیان کا جائزہ لیا جائے گا،الیکشن کمیشن آئینی حدود میں رہتے ہوئے ردعمل جاری کریگا الیکشن کمیشن کا وزرا کی پریس کانفرنس کا بھی نوٹس ، پیمرا سے ریکارڈ طلب ،آئی جی اور چیف سیکرٹری کا بیان ریکارڈ

اسلام آباد(وقائع نگار ،نیوز ایجنسیاں ،دنیا نیوز )وزیراعظم عمران خان کے الیکشن کمیشن پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگانے کے بعد الیکشن کمیشن نے آج خصوصی اجلاس طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے بیان کا جائزہ لیا جائے گا، الیکشن کمیشن وزیراعظم کے بیان پر آئینی حدود میں رہتے ہوئے ردعمل جاری کرے گا، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں الیکشن کمیشن پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا بیان دیا تھا۔اجلاس میں دیگر ممبران الیکشن کمیشن بھی شریک ہوں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے بیان کی ویڈیو بھی حاصل کرلی۔ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی ناکامی کے بعد وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا ، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے ،کمیشن نے پیمرا سے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ طلب کر لیا،ادھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری نے اپنا بیان الیکشن کمیشن میں ریکارڈ کرادیا، جمعرات کو آئی جی پنجاب انعام غنی اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد ظریف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان سے این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں بے ضابطگیوں اور ہونے والے ناخوشگوار واقعات سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی ،دونوں افسروں نے الگ الگ الیکشن کمیشن حکام کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ۔الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد جانے کی اجازت دی تاہم چیف سیکرٹری کو اجلاس میں موجود رہنے کے احکامات دیئے ،بعد ازاں آئی جی پنجاب الیکشن کمیشن سے روانہ ہوئے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور سوالات کی بوچھاڑ کر دی تاہم آئی جی پنجاب نے صحافیوں کو جواب دینے گریز کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں