وزیر اعظم سے آرمی چیف ، آئی ایس آئی سربراہ کی ملاقات

 وزیر اعظم سے آرمی چیف ، آئی ایس آئی سربراہ کی ملاقات

عمران خان کا پرویز الٰہی، خالد مقبول کو فون، وزیر اعلیٰ پنجاب اسلام آباد طلب

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ،دنیا مانیٹرنگ)وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم قومی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم عمران خان نے رہنما ق لیگ چودھری پرویزالٰہی کو ٹیلیفون کر کے موجودہ سیاسی صورتحال اور ہفتہ کے روز اعتماد کا ووٹ لینے پر اہم مشاورت کی ہے ۔ پرویزالٰہی نے انہیں کہا کہ ہم بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے خالد مقبول صدیقی سے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر بات چیت کی اور ایم کیوایم وفد کو اسلام آباد میں ملاقات کی دعوت دے دی۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹیلیفون کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر بلوچستان سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے امیدوار کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب کیا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کرنے کی ہدایت کردی ۔ وزیر اعلیٰ بزدار وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں