آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ، غیر حاضری پر نا اہلی کی کارروائی ہوگی، عمران خان کا تحریک انصاف کے ارکان کو خط

آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ، غیر حاضری پر نا اہلی کی کارروائی ہوگی، عمران خان کا تحریک انصاف کے ارکان کو خط

تمام ارکان حاضری یقینی بنائیں، ہدایت کی خلاف ورزی پر اعلامیہ الیکشن کمیشن کو پیش کیا جاسکتا:متن،متحدہ، ق لیگ و دیگر اتحادیوںکی اجلاس میں حمایت کی یقین دہانی ، سیدھی بات ہے 16ارکان نے خود کو بیچا، مجھ سے زیادہ ہار ،جیت کسی نے نہ دیکھی‘ جمہوریت ‘ اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں،غلط ہوں تو ساتھ چھوڑدیں:وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا مانیٹرنگ) وزیر اعظم عمران خان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لیں گے ۔ اس سلسلے میں حکومت اور اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم پر بھرپور اعتماد کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ عمران خان نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو خط لکھ کر اسمبلی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر حاضری پر نااہلی کی کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج 12:15پر سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ ایک نکاتی ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی سے وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے جس کی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان وزیراعظم پر اعتما دکا اظہار کرتا ہے ، ایوان آرٹیکل 7/91 کے تحت وزیراعظم پراعتماد کا اظہارکرتا ہے ۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لئے خط ارسال کر دیا۔ عمران خان نے بطورچیئرمین پی ٹی آئی خط تحریر کیا، جس میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو باور کرایا گیا ہے کہ 12بجکر15منٹ کے بعدکسی رکن کواسمبلی ہال میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔پارٹی کی ہدایت کے مطابق تمام ارکان کواعتمادکے ووٹ کیلئے حاضری یقینی بناناہوگی،پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پریہ اعلامیہ الیکشن کمیشن میں پیش کیاجاسکتاہے ۔12بجکر15منٹ کے بعداسمبلی ہال اورچیمبرکے دروازے بند ہوجائیں گے ، غیر حاضری کی صورت میں رکن کیخلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائیگی۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو (آج)ہفتہ کی صبح ناشتے پر بھی مدعو کیا ہے ۔وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے تمام ممبران اوراتحادی جماعتوں کو ناشتے پر مدعو کیا۔ذرائع کے مطابق ممبران کو (آج)صبح 10 بجے ناشتے پرمدعوکرلیا گیا اور تمام ممبران وزیر اعظم کے ساتھ ناشتہ کریں گے ۔ دوسری جانب وزیر اعظم نے گزشتہ روز پھر ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق کی قیادت کو مدعو کر کے ان سے الگ الگ ملاقات کی اور ان سے اپنے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم ہائوس میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس بھی ہواجبکہ وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس سے قبل بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ گزشتہ روز کے اجلاس میں وزیر اعظم کے علاوہ وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اظہار خیال کیا ۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ارکان کو اعتماد کے ووٹ کے طریقہ کار کے بارے میں بریف کیا اور بتایا کہ ووٹ سے انحراف کرنے والا قواعد کے تحت اسمبلی رکنیت سے ڈی سیٹ ہو جائے گا ، انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ آج کے اجلاس میں لازمی شریک ہوں اور وزیر اعظم پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں ۔ شاہ محمود قریشی نے شرکا کو وزیر اعظم کے اقدامات اور پا لیسیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم سب وزیر اعظم کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں اتحادی جماعتوں کی حمایت پر ان کا شکریہ اد ا کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کے تمام تر اقدامات ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے ہیں ۔ ہمیں ان کا ساتھ دینا اور ان کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا اس موقع پر حوصلہ بلند تھا اور وہ کسی چیزسے افسردہ یا خوفزدہ نہیں تھے بلکہ انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کے خلاف احتساب کا سلسلہ جاری رہے گا۔ میں سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا ہے ۔ جس کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے ،میں اگر آپ کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں اور اس کا اظہار میرے سامنے کریں میں کسی سے ناراض نہیں ہوں گا ۔عمران خان نے کہا ہے کہ میں جو کچھ کر رہا ہوں ملک و قوم کے لیے کر رہاہوں ، کسی کو مجھ سے کوئی گلا شکوہ ہے تو وہ میرے سامنے اس کا اظہار کردے ، میں اعتماد کے ووٹ کے معاملے کو فوری نمٹانا چاہتا تھا کیونکہ اگر احتساب کرنا ہے تو پھر اپنے ممبران کا مکمل اعتماد حاصل ہونا چاہیے ۔ میں نے وزیر اعظم بن کر بھی اپنے پائوں زمین پر رکھے ہیں بلکہ میں جب سے وزیر اعظم بنا ہوں اوپر اڑنے کی کوشش نہیں کی بلکہ نیچے آ گیا ہوں، اپنے پائوں زمین سے نہیں اٹھائے ۔ میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے ، میں جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں، مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا اتحادیوں کا شکر گزارہوں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ، زندگی میں مجھ سے زیادہ ہار جیت کسی نے نہیں دیکھی ، مجھ پر کوئی نہ کوئی مشکل آتی رہی ہے لیکن ہر مشکل سے سرخرو ہو کر نکلا ہوں ۔ ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا دل تو چاہتا ہے کہ یہیں پر خیمہ لگا لوں اور یہیں سے تمام ارکان کو اسمبلی لے جائوں، امید ہے کہ تمام اراکین اسمبلی اعتماد کریں گے ۔ دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعظم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہوگئے ، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب! حلقہ ہم سنبھالیں گے ، آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔جی ڈی اے کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وعدے کے مطابق تحریک انصاف کے اراکین نے ہمارے سینیٹ امیدوار کو ووٹ نہیں دئیے ۔فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اس معاملے کی تحقیقات کریں۔ تحفظات کے باوجود آپ پر اعتماد ہے ، ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان سے مسلم لیگ (ق) کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں عبدالحفیظ شیخ کو بھی ووٹ دیا تھا، اب وزیراعظم کو بھی دیں گے ،لیگی وفد میں طارق بشیر چیمہ،حسین الہٰی، چودھری سالک اور فرح خان بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی میں حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اتحاد کا حصہ ہیں، ہر صورت ساتھ دینگے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی ۔ ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ موجودہ گورننس نظام پر تحفظات ہیں، اس کے باوجود عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ یقین ہے عمران خان نہ خود کرپشن کرتے ہیں نہ اسے پسند کرتے ہیں۔ نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈلیور کرسکیں، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں، کراچی اور سندھ میں مشاورت میں شامل کیا جائے ۔ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے بھی اعتماد کے ووٹ میں وزیراعظم کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں