63میگاکرپشن کیسزانجام تک پہنچادیئے :چیئرمین نیب

 63میگاکرپشن کیسزانجام تک پہنچادیئے :چیئرمین نیب

12کیسز میں4.364ارب جرمانہ، پلی بارگین سے 1.256ارب برآمد

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر ز میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ 179میگا کرپشن مقدمات میں سے 63 کو منطقی انجام تک پہنچا یا گیا ہے ۔ چیئرمین نیب نے کہا ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقو م کی واپسی اولین ترجیح ہے ،نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714ارب روپے بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ نیب کی موجودہ قیاد ت کے دور میں تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے 487ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔ نیب کے اس وقت 1230بد عنوانی کے ریفرنس ملک کی مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ 12میگا کرپشن کیسز میں مختلف معزز احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پرملزمان کو 4.364ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی، 4میگا کرپشن مقدمات میں ملزمان نے پلی بارگین کی جس پرمجموعی طور پر 1.256ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ، نیب نے 2 مقدمات کو مزید کارروائی کے لئے متعلقہ اداروں کو بھجوایا،11میگا کرپشن مقدمات میں معزز عدالتوں نے ملزمان کے حق میں فیصلہ دیا۔ علاوہ ازیں 10انکوائریز 11 انویسٹی گیشنز زیر تحقیقات ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں