آرمی چیف سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی ملاقات
باہمی دلچسپی، افغان امن عمل، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ،آئی ایس پی آر ، پاکستان آسٹریلیا کیساتھ سفارتی، معاشی ، دفاعی تعلقات کو اہمیت دیتا ،جنرل باجوہ
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کیساتھ مضبوط سفارتی، معاشی اور دفاعی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں نے خطے میں امن وسلامتی کی کوششوں سمیت دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔