آرمی چیف سے ایئر چیف مارشل مجاہد انور کی الوداعی ملاقات

آرمی چیف سے ایئر چیف مارشل مجاہد انور کی الوداعی ملاقات

ایئر چیف کی کاوشوں سے پاک فضائیہ کادنیامیں کوئی ثانی نہیں،جنرل باجوہ ، مجاہدانورکی ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے بھی الوداعی ملاقات

لاہور(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو میں الوداعی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے طویل کیریئر کے دوران قوم کیلئے شاندار خدمات سرانجام دینے پر چیف آف ایئر سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ آپریشن ‘‘سوفٹ ریٹارٹ’’ کے دوران چیف آف ایئر سٹاف کی فعال قیادت اور پیشہ وارانہ مہارت کے مظاہرے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران ضروری معاونت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا چیف آف ایئر سٹاف کی عظیم کاوشوں اور اعلیٰ قیادت کی وجہ سے آج پاک فضائیہ کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔ قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر چیف آف ایئر سٹاف کو یاد گار شہدا پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ قبل ازیں چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر چیف آف ایئر سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ چیف آف ایئر سٹاف نے قومی مفادات کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھانے میں آئی ایس آئی کی کارکردگی کی تعریف کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں