سیاست سرمایہ داروں کے گھر کی لونڈی بن گئی ، سراج الحق

 سیاست سرمایہ داروں کے گھر کی لونڈی بن گئی ، سراج الحق

ملک کا پورا نظام جھوٹ دھوکا اور فراڈ سے چل رہا، حکومت میں اہلیت نہیں :خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کا پورا نظام جھوٹ دھوکا اور فراڈ سے چل رہاہے ۔ سیاست اور جمہوریت سرمایہ داروں اورجاگیرداروں کے گھر کی لونڈی بن گئی ہے ۔ جماعت اسلامی چا ہتی ہے غریب کی جھونپڑی میں رہنے والے بچے بھی قیادت کے لیے تیار ہوں اور سیاست عام آدمی کی دسترس میں ہو۔کاسمیٹک تبدیلی نہیں ملک کو ایسی تبدیلی چاہیے جس میں چوکیدار اور صدر پاکستان کا بیٹا ایک ہی سسٹم کے تحت تعلیم حاصل کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ اور کچلاک میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دونوں تقریبات میں قبائلی رہنماؤں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا عوام کے مسائل حل ہوں ، حکومت میں اہلیت نہیں ، پی ڈی ایم کی نیت نہیں، دونوں کے نام مختلف ، کام ایک ہے ۔ نہ سابقہ حکومتوں کو عوام کی فکر تھی نہ موجودہ کوقوم سے کوئی ہمدردی ہے ۔ بلوچستان میں کبھی قوم پرستی اور کبھی تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا ۔ سازش کے تحت عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں تعلیمی نظام کو آن لائن کیا جارہاہے مگر بلوچستان کے نوجوانوں کو انٹر نیٹ ہی دستیاب نہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں