پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری ، عوام کو ریلیف کیلئے آخری حد تک جائینگے ، بزدار

پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری ، عوام کو ریلیف کیلئے آخری حد تک جائینگے ، بزدار

صوبہ میں 400سے زائد بازار وں میں سستی اشیا ملیں گی،ہم کام کر رہے ہیں ، اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے ،وزیر اعلیٰ ، کورونا سے لڑنا ،بزنس بھی چلانا ہے ،منتخب نمائندوں کو عزت و احترام ملے گا،تاجروں ،صنعتکاروں،ارکان اسمبلی سے گفتگو

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے ۔پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی وزرا اور اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا، منتخب نمائندوں کو پوری عزت و احترام ملے گا،عوام کے مسائل کے حل کے لئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا ان کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔ماضی میں سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو ہمیشہ دھوکہ دیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزرا پیرسید سعید الحسن شاہ، محمد اخلاق،معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی،ا راکین اسمبلی فدا حسین وٹو،سید خاور علی شاہ اورسبین گل شامل تھیں، چیف وہپ پنجاب اسمبلی عباس علی شاہ بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سرپرست اعلیٰ ، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے ۔عثمان بزدار کاکہناہے عوام کو ریلیف دینے اورپرائس کنٹرول کے لئے آخری حد تک جائیں گے ،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سہولت بازار اتھارٹی کے قیام اور سہولت بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کاکہناتھا سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائیں گے جن کے ذریعے کاشتکار اپنی اشیا براہ راست فروخت کرسکیں گے ۔ اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی۔عثمان بزدار نے کہا سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اورہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا۔یہ بازار سال کے 365دن فنکشنل رہیں گے ۔عوام کو مہنگائی سے نجات اورحقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔اتھارٹی صوبہ بھر میں 400سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی ۔ عثمان بزدا کاکہنا تھا سستے سہولت بازاروں میں آٹااوردیگراشیائے ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے سستے سہولت بازاروں کیلئے اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ،وفد کی قیادت فیڈریشن کے سابق صدر میاں انجم نثار اورسینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم کررہے تھے ۔عثمان بزدار نے کہا ہم نے کورونا سے بھی لڑنا ہے اوربزنس بھی چلانا ہے ۔تاجر برادری و صنعتکاروں کے مسائل حل کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فوکل پرسن تعینات کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے تاجر برادری اورصنعتکاروں کے جائز مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔عثمان بزدار نے کہا تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے ۔ وفد میں عرفان اقبال شیخ، محمد سلیم، محمد عارف یوسف جیوا، راجہ محمد انور، ناصر خان، محمد نواز، محمد علی میاں، ذکا الرحمن، ندیم قریشی اوردیگر شامل تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں