آرمی چیف سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر اور سری لنکن چیف آف ڈیفنس کی ملاقاتیں

آرمی چیف سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر اور سری لنکن چیف آف ڈیفنس کی ملاقاتیں

افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات پر بات چیت

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی خصوصا ً افغان امن عمل اور دونوں ملکوں کی افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بحرین کیساتھ اپنے مضبوط سفارتی، معاشی اور دفاعی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں نے دوطرفہ تعاون بشمول خطے میں امن وسلامتی کیلئے کوششوں کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف و کمانڈر جنرل ایل ایچ ایس سلوا نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے مسائل کے علاوہ دوطرفہ فوجی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر معزز مہمان نے خطے میں امن استحکام خصوصاً افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر معزز مہمان نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے ایک چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں