کسی سیاسی جماعت نہیں، پاکستان سے تعلق ہے : چیئرمین نیب

کسی سیاسی جماعت نہیں، پاکستان سے تعلق ہے : چیئرمین نیب

ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نیب افسران لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے کوششیں دو گنا کردیں ، نیب بزنس کمیونٹی کا بے حد احترام کرتا ،سارک ممالک کیلئے یہ رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ،جسٹس (ر) جاوید اقبال

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہا ،نیب کرپشن فری پاکستان کے لئے پر عزم ہے ،یہ بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے قائم کیا گیا، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 714 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ،نیب مقدمات میں سزا کی شرح 68.8فیصد ہے جو کہ انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کے مقابلے میں شاندار کارکردگی ہے ،نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئر مین ہے ،نیب اپنی آ گاہی،تدارک اور انفورسمنٹ پالیسی کے باعث سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ،نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانی شہریوں سے لوٹی گئی رقوم وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرانے کے لئے اپنی کوششیں دو گنا کریں۔نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جو کہ دو انویسٹی گیشن افسران ،لیگل کنسلٹنٹ،فنانشل ایکسپرٹ اور فرانزک ایکسپرٹ پر مشتمل ہے جو کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر/کیس آ فیسر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے زیر نگرانی ٹیم کے طور پر کام کرتے ہیں تاکہ انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو شفافیت اور قانون کے مطابق نمٹا یا جائے ،نیب نے اپنی ٹریننگ اینڈ ریسرچ اکیڈمی قائم کی ہے جس میں جدید تقاضوں کے مطابق انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کو خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ وائٹ کالر کرائمز اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کو نمٹا نے میں ان کے معیار میں مزید بہتری لائی جاسکے ،نیب بزنس کمیونٹی کا بے حد احترام کرتا ہے جو کہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، نیب کا کسی سیاسی جماعت گروپ یا فرد سے کوئی تعلق نہیں،نیب کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے ،چیئرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ افسران نیب میں آ نے والے تمام افراد کا احترام کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں