پی ٹی آئی ڈلیور نہیں کرسکتی تو معافی مانگ کر گھر چلی جائے ، سراج الحق
وزیراعظم نے آدھی مدت اقتدارجھوٹے وعدوں سے گزار لی، قوم حکمرانوں کی رام کہانیاں مزید سننے کو تیار نہیں ایک طرف کورونا ،دوسری طرف مہنگائی، عوام کی زندگی اجیرن، حکومت ہرمیدان میں ناکام ہوئی، اجلاس سے خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل کبھی بھی حکمران طبقہ کی ترجیحات میں نہیں رہا ۔ وزیراعظم نے آدھی مدت اقتدار جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے گزار لی ، نہیں معلوم آنے والا وقت کیسے گزاریں گے ۔ قوم حکمرانوں کی رام کہانیاں مزید سننے کو تیار نہیں ۔ پی ٹی آئی اگر ڈلیور نہیں کر سکتی تو لوگوں سے معافی مانگے اور گھر چلی جائے ۔ حکمران جان لیں کہ انٹر نیٹ اور ٹیکنالوجی کے دور میں لوگوں کو ماضی کی طرح بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ملک پر گزشتہ کئی دہائیوں سے قابض طبقہ بری طرح ایکسپوز ہوگیاہے ۔ منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ایک مخصوص طبقہ ملک پر قابض ہے ۔ ان کے حواری ہر شعبہ زندگی میں موجود ہیں جو محکمہ جاتی کرپشن کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ ملک کے وسائل لوٹ رہے ہیں اور عوام کی زندگی کو اجیرن کیے ہوئے ہیں ۔ وزیراعظم نے لوگوں کو کبھی مدینہ ریاست اور کبھی تبدیلی کے خواب دکھائے مگر آتے ہی وہ ہر میدان میں بری طرح ناکام ہوگئے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی‘‘سب کچھ بیچ دو ’’کی پالیسی سے مزید عدم استحکام آئے گا ۔