پنجاب حکومت واجبات اور ٹی وی چینلز تنخواہوں کی ادائیگی کر یں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے ریمارکس دئیے ہیں کہ وہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے
لاہور(کورٹ رپورٹر) تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس قاسم خان نے ٹی وی چینلز پر اشتہارات کی عدم ادائیگی کے کیس پر سماعت کی اور سیکرٹری انفارمیشن پنجاب کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔کمرہ عدالت میں سرکاری وکیل نے تسلیم کیا کہ پنجاب حکومت کے مختلف اداروں نے ٹی وی چینلز کو ادائیگی کر نی ہے جس کے لیے مہلت دی جائے ۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بہتر ہوگا کہ سیکرٹری انفارمیشن آئندہ سماعت پر چینلز مالکان کو ادائیگیاں کرکے پیش ہوں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں ۔ پاکستان برڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے جام آصف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے 43کروڑ20لاکھ روپے ادا کرنے ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تمام چینلز مالکان آئندہ سماعت پر صحافیوں اور ورکروں کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کے بیان حلفی جمع کر ائیں۔آگے روزے اور پھر عید آرہی ہے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ناقابل برداشت ہے چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کو بھوکا نہ ماریں۔وکیل پی بی اے نے صحافیوں کے بقایا جات ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔جیف جسٹس ہائیکورٹ نے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔