عدالتیں ، قوانین مافیا کو تحفظ دینے کیلئے نہیں ، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ

عدالتیں  ، قوانین مافیا کو تحفظ دینے کیلئے نہیں ، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ

جتنے مافیا بن گئے انکا کیا کرنا ہے ، آپکے خلاف کارروائی نہیں صرف آڈٹ ہو رہا ، کیا اوگرا کو اختیارنہیں؟ریمارکس آپ کہیں نہ کہیں مافیا کا حصہ :جسٹس قاسم، پٹرولیم رپورٹ کالعدم قرار دینے کی درخواست پرسماعت کے دوران ریمارکس

لاہور(کورٹ رپورٹر)آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قلت میں ملوث کمپنیز کے آڈٹ کے خلاف شامل کمپنی مائی پٹرولیم کمپنی نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، پٹرولیم کمپنی نے پٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق قائم کمیشن کی رپورٹ کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی ۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالتیں اورقوانین ملک میں مافیاکو تحفظ دینے کے لئے نہیں ۔ ہمارے ملک میں جتنے مافیا بن گئے ہیں ان کا کیا کرنا ہے ، آپ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی، صرف آڈٹ ہو رہا ہے اگر آپ کے خلاف آڈٹ میں کچھ بھی نہیں نکلتا تو کیا ہوگا؟۔ درخواست گزار وکیل کا موقف تھا آڈٹ کرنا دائرہ اختیار سے باہر ہے ، آڈٹ کی وجہ سے کاروبار بند ہو گیا ہے ، ہمارے درخواست گزار مافیا نہیں ہیں، معمولی کاروباری لوگ ہیں۔چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ایف آئی اے کی کارروائی میں بھی تو آپ کا موقف لیا جائے گا، کیا اوگرا کا اختیار نہیں ہے آڈٹ کروانا۔ وکیل نے کہا اگر اوگرا چاہے تو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرکے کارروائی کر سکتی ہے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کہیں نہ کہیں اس مافیا کا حصہ ہیں، عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید دلائل دینے کی ہدایت کردی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں