تارکین وطن ہمارے محسن، سفارتخانے ان کی تحسین کریں:وزیراعظم

تارکین وطن ہمارے محسن، سفارتخانے  ان کی تحسین کریں:وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خاندانوں سے کئی کئی سال دور رہ کر محنت مزدوری کرکے اپنے وطن ترسیلات زر بھجوانے والے تارکین وطن ہمارے محسن ہیں،ہمارے سفارت خانوں کی جانب سے ان کی تحسین ہونی چاہیے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی) روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے قلیل عرصہ میں ایک ارب ڈالر کا اہم سنگ میل عبورکیا ہے ،30سال میں ڈالر کی کمی اور برآمدات کم ہونے کی وجہ سے 20بار عالمی مالیاتی فنڈ کے پاس جانا پڑا،جب تک ہماری برآمدات نہیں بڑھتیں ہمیں اوورسیز پاکستانیوں پر انحصار کرنا ہوگا۔وزیرا عظم نے کہا تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں ۔بدقسمتی سے ہمارے سفارت خانے اس طرح ان محنت کشوں کو نہیں سراہتے جس طرح انہیں سراہا جانا چاہیے ،ہم ان کو نوکریاں نہیں دے سکے ،یہ کئی کئی سال اپنے خاندان سے دور رہتے ہیں،میرا سفارتخانوں کو یہ پیغام ہے کہ ان کا خیال رکھیں،یہ آپ کی سب سے اہم ذمہ داری ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں ہمارے سفارت خانے نے اپنے محنت کش طبقہ کا وہ خیال نہیں رکھا جو رکھنا چاہیے تھا اور ان کی مدد کی بجائے ان سے پیسے لینے کی بھی شکایات ہیں،اس کی انکوائری کروارہے ہیں،وہاں تعینات سفیر کی بھی تحقیقات ہوں گی،یہاں سے اضافی عملہ واپس منگوا رہے ہیں۔اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا راوی سٹی منصوبہ ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ و تعمیرات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے منظوری کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں