حکمران چینی کیلئے قطار میں کھڑی ماؤں ، بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں ، شہباز شریف
آٹا چینی وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں نہ لوٹا جاتا تو قوم کویوں دھکے نہ کھانے پڑتے ، عوام کی بددعائوں سے خوف آتا ہے مہنگائی کا غصہ خاتون افسر پر نکالنا قابل مذمت ، ارکان پارلیمان سے گفتگو، میڈیا کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائے:پیغام
لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے ستا ئے عوام کی رمضان میں بددعائوں سے خوف آتا ہے ،قیامت خیز مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے ۔ ارکان پارلیمان سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں کہ ملک کا کتنا بڑا نقصان ہوچکا جبکہبروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کرکے قوم کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کا آٹا چینی وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو آٹا چینی کے لئے یوں دھکے نہ کھانے پڑتے ۔حکمران خداترسی کریں اور چینی کے لئے قطار میں کھڑی مائوں ،بہنوں کو اس توہین سے نجات دلائیں۔ انکا کہنا تھا حکومت اب بھی کورونا، معیشت، مہنگائی، بے روزگاری جیسے سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں ، صرف تماشے جاری ہیںاس سے حکومت کی ذہنی حالت اور ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا اپنی پالیسیوں سے ہونے والی مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔خیبرپختونخوا سے اطلاعات ہیں کہ لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا، عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے ۔شہبازشریف نے عالمی یوم صحافت پر صحافیوں اور قلم کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن کا نام ہے ۔جس حکومت میں آزادی صحافت کو آئینی آزادی حاصل نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہاجاسکتا۔قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات تمام فریقین کی مشاورت سے ملک میں میڈیا کے تحفظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے ہنگامی طور پر قانون سازی کرے ۔ حمزہ شہباز نے عالمی یوم صحافت پر کہا صحافت کو اندھا بہرہ اور گونگا کرنے سے معاشرہ طاقتور کا غلام بن جاتا ہے ، موجودہ دور صحافت، آئینی و شہری حقوق کے حوالے سے بھی بدترین رہا ہے ۔