حکومت کا ڈھائی برس میں کوئی سکینڈل نہیں، عوامی خدمت کی مثال قائم کی : بزدار
الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے خوف کو ظاہر کرتا ،تنقید کرنے والے گریبان میں جھانکیں ، حسنین دریشک،جمشید اقبال ، راجہ ریاض ، شہاب الدین ، رائے حسن نواز ، طاہر بشیر ،غیاث الدین کی و زیر اعلیٰ سے ملاقات
لاہور (سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے ۔سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں ۔ انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفاف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔ دھاندلی کرنا ان لوگوں کا وتیرہ رہا ہے ۔ الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔یہ بات انہوں نے صوبائی وزرا ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ بزدار نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ڈھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے ۔ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں ۔ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کوذاتی نمودو نمائش پر بے دریغ استعمال کیا ، عوام پستے رہے اور حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہے ۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کی قیادت میں اداروں میں اصلاحات لانے کا نظام جاری رہے گا۔ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادردریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز احمد، اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے ۔ وزیراعلیٰ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین نے ملاقات کی۔ محمد غیاث الدین نے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلتا ہوں۔منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسترد شدہ عناصر کا کوئی مستقبل نہیں ہے ۔قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں ۔ ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ۔پاکستان کے باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔عوام ان عناصر کی لوٹ مار بھولے ہیں نہ ہی ان کے کرپشن آلود چہروں کو۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے ۔